!!یار جُلاہے

یار جُلاہے

مُجھ کو بھی ترکیب سِکھا، کوئی یار جُلاہے!

اکثر تُجھ کو دیکھا ہے کہ تانا بُنتے

جب کوئی تاگا ٹُوٹ گیا یا ختم ہُوا

پھر سے باندھ کے

اور سِرا کوئی جوڑ کے اُس میں

آگے بُننے لگتے ہو

تیرے اس تانے میں، لیکن

اک بھی گانٹھ گرہ بُنتر کی

دیکھ نہیں سکتا ہے کوئی

مَیں نے تو ایک بار بُنا تھا، ایک ہی رِشتہ

لیکن اُس کی ساری گرہیں

صاف نظر آتی ہیں، میرے یار جُلاہے

مُجھ کو بھی ترکیب سِکھا، کوئی یار جُلاہے!

گُلزار