!!کسوٹی جدید کا 20واں ماہانہ ادبی اجلاس

کسوٹی جدید کا 20واں ماہانہ ادبی اجلاس

عنوان : ” مطالعۂ انور تاباں علیگ”

سال نو کے پہلے دن شارجہ کے ایک ریستوران میں کسوٹی جدید کا 20 واں ماہانہ ادبی اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس دبئ کی معروف ادبی و ثقافتی شخصیت ترنم احمد کے والد مرحوم انور تاباں علیگ کی شاعری اور شخصیت کے مطالعہ کے لئے مخصوص تھا۔ سہارنپور کے متوطن انور تاباں علیگ اردو کے ایک معتبر شاعر تھے ۔ انھوں نے شاعری کے چار مجموعے یاد گار چھوڑے ہیں۔ گل بکف،سرور غم ،لفظوں کا پیرہن اور پرواز آگہی۔ نصف صدی سے زیادہ عرصہ تک شہرت سے بے نیاز رہ کر خاموشی سے اردو کی خدمت کی۔

اس محفل میں انور تاباں صاحب کی بیگم پروفیسر فرحانہ انور صاحبہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک رہیں۔

مدیر کسوٹی جدید افضل خاں اور عماد الملک نے مہمان خصوصی کی خدمت میں میمنٹو اور کسوٹی جدید کا شمارہ پیش کیا ۔

پروگرام کا آغاز صائمہ عاصم نقوی کے مضمون سے ہوا جس کا عنوان تھا “انور تاباں کی شاعری میں انسانی اقدار”

ڈاکٹر اصغر کمال نے انور تاباں کی غزلوں کا معنوی تجزیہ پیش کیا۔

سہارنپور سے انور تاباں صاحب کے دیرینہ دوست اور ہم مکتب شاہد انور صاحب نے اس تقریب کے لئے” ایک عالم و خلاق شاعر ‘ کے عنوان کے تحت ایک مضمون لکھ کر بھیجا تھا۔اس کو نیر سروش نے محفل میں پڑھا۔

سید اعجاز شاہین نے” گلاب سا وہ آدمی” کے عنوان کے تحت تاباں صاحب کی شخصیت کے بارے میں اپنے ذاتی مشاہدات پیش کئے۔

انور تاباں صاحب کی دختر ترنم احمد نے ایک والد ،مربی اور سربراہ خانہ کی حیثیت سے تاباں صاحب کی شخصیت کے دلچسپ اور سبق آموز واقعات بیان کئے۔

عماد الملک کہ جنھیں معتبر شعرا کا کلام ترنم سے پڑھنے کا شوق ہے، تاباں صاحب کی ایک غزل کو لہجہ اور لے بدل کر دو مختلف انداز سے پڑھا اور حاضرین کو محظوظ کیا۔

ظہیر حسنین ،محمد طہ، میگی اسنانی اور شاداب الفت نے انور تاباں صاحب کی زمینوں میں کہی گئ اپنی غزلیں پڑھ کر انھیں خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب کے مہمان اعزازی فاروق صدیقی پورے تین سال کے وقفہ کے بعد کسوٹی جدید کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔ انھوں نے اپنا منتخب کلام پڑھ کر داد حاصل کی۔

پروگرام کے اغاز میں حسن احمد اور آفریں احمد نے انور تاباں صاحب کا کلام پڑھ کر سنایا۔

مذکورہ بالا ناموں کے علاوہ ممتاز اسٹیج فنکار منہاج خاں،طارق عمر،شبیر منور، مسکان سید ریاض،طارق عمر، احیاء بھوجپوری،عدنان منور دانی، سید معاذ ، مسعود نقوی بھی شریک اجلاس تھے۔

اختتامی کلمات میں پروفیسر فرحانہ انور صاحبہ نے مرحوم انور تاباں صاحب اور اہل محفل کے لئے دعائے خیر کی۔

افضل خاں کے شکریہ کے ساتھ اجلاس کا ا ختتام عمل میں آیا۔

۔۔۔۔۔۔

روداد از افضل خاں، مدیر کسوٹی جدید

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *