!!!کسوٹی جدید کا سترھواں ادبی اجلاس

کسوٹی جدید کا سترھواں ادبی اجلاس

مطالعہ جوش ملیح آبادی

4 ستمبر 2022 ، بروز اتوار، کسوٹی جدید کا سترھواں ماہانہ ادبی اجلاس ، نبیرۂ جوش، موسی ملیح آبادی کے دولت خانے پر منعقد ہوا، جہاں شرکاء نے جوش کی زندگی، شخصیت اور شاعری کا بھر پور مطالعہ کیا۔

سید اظہر الدین نے جوش کی خود نوشت سوانح حیات، یادوں کی بارات کا تعارف پیش کیا، جس کے بعد عائشہ شیخ عاشی نے” جوش کی ایک نظم کا مطالعہ ” کے عنوان پر جوش کی نظم وطن کی تشریح و تجزیہ پیش کیا ۔

مسکان سید ریاض نے “شبیر حسن خاں اور رہ و رسم شبیری” کے عنوان پر اپنی تقریر میں جوش کی انقلابی فکر کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جوش نے واقعہ کربلا اور امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی کو سخن کا موضوع بناکر قوم میں شجاعت ، قربانی، فکری بلندی کا جذبہ بیدار کرنے کا کام انجام دیا۔

سید اعجاز شاہین نے “جوش اور حیدراباد دکن” کے عنوان پر تقریر کی اور دارالترجمہ عثمانیہ میں جوش کی خدمات کا ذکر کیا۔

موسی ملیح آبادی نے “جوش ملیح آبادی درون خانہ میان یاراں” کے عنوان کے تحت ان کی معاشرتی زندگی کے حالات و واقعات بیان کئے

فرید انور صدیقی نے “جوش کی نظموں میں منظر نگاری اور تصویر کشی” کے موضوع پر تقریر کی۔

سید محمد ارشد کا موضوع تقریر تھا “جوش کا ذخیرۂ الفاظ”

سید مسعود نقوی ، عاطف رئیس صدیقی ، نصر نعیم اور موسی ملیح آبادی نے جوش کی مختلف زمینوں میں غزلیں پڑھیں۔ آیت آفریدی اور مائرہ آفریدی نے حاضرین اجلاس کے سامنےکلام جوش سے چند پسندیدہ اشعار پڑھے۔

ماریہ آفتاب اور عماد الملک اور نیر سروش نے مباحث میں حصہ لیا

عربی ادب کی استادنسبی آغا ،اور داستاں گوئ کے معروف ساحل آغا نے خصوصی شرکت کی اور اجلاس پر اپنے مجموعی تاثرات کا اظہار کیا و نیز مفید مشورے دئے ۔

مسکان سید ریاض کی نقابت میں یہ اجلاس تقریبا ڈھائ گھنٹہ جاری رہا۔

میزبان موسی ملیح آبادی کی جانب سے پر تکلف ضیافت کے ساتھ اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔

مدیر کسوٹی افضل خان شریک اجلاس نہیں تھے کیونکہ وہ ان دنوں انڈیا میں ہیں۔

رپورتاژ: از مسکان سید ریاض، ایونٹس ایڈیٹر،کسوٹی جدید

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *