!!پہلی نظر کا پیار

پہلی نظر کا پیار

شاعرہ : وسواوا سمبورسکا (پولینڈ)

اردو ترجمہ : رومانیہ نور (ملتان)

****

دونوں اس بات پر قائل ہیں

کہ کسی ناگاہ جذبۂ شوق سے وہ بہم ہوئے۔

یہ یقیں دلنشیں ہے

مگر عدم یقیں ابھی بھی کہیں بڑھ کے حسیں ہے۔

انہیں گماں ہے کہ اب سے پہلے

وہ ایک دوسرے سے انجان تھے

ان کے درمیان کبھی کوئی سلسلہ نہ تھا۔

مگر وہ گلیاں، زینے اور دالان

کیا ہوئے

جن کے درمیاں ، پہلو بہ پہلو

وہ سالہا سال رواں رہے ؟

میں ان سے پوچھنا پسند کروں گی

کیا انہیں یاد نہیں ہے

شاید کہ گردشی دروازوں سے

بسا اوقات کہیں روبرو گزر؟

پر ہجوم جگہوں پر اک لفظ “معذرت ” ؟

رسیور میں اٹکا کرخت عذر “سوری رانگ نمبر” ؟

مگر مجھے جواب معلوم ہے

نہیں ، انہیں کچھ یاد نہیں

وہ سن کر حیراں رہ جائیں گے

کہ عرصۂ دراز سے اتفاق

ان سے کھلواڑ کرتا آیا ہے ۔

اور اس پل بھی ان کا مقدر بننے پر آمادہ نہیں ،

یہی باعث قرب ہے ،

یہی باعث فراق،

اسی نے رستہ روک دیا ہے،

ہنسی کا گلا گھونٹ دیا ہے ،

اور اپنا دامن بچا لیا ہے۔

یوں تو نشانیاں بھی تھیں ، اشارے بھی تھے ،

مگر وہ آج تک پڑھ نہ سکے جو استعارے تھے۔

شاید یہ تین سال پہلے کا قصہ ہے

یا پھر گزشتہ منگل کا ذکر ہے

جب ایک ہی پات ، اس شانے کبھی اس شانے پہ پھڑپھڑا رہا تھا ؟

ایک نےکچھ گرایا دوسرے نے اٹھا لیا تھا ،

کون جانے وہ کیا تھا

شاید ایک گیند جو کہیں بچپن میں جھاڑیوں میں کھو گئی تھی؟

دروازے کی نابیں اور اطلاعی گھنٹیاں

جنہیں دونوں کی پوروں نے چھوا،

بارہا اک لمس نے دوسرے کو ڈھک لیا تھا.

ساتھ ساتھ رکھے سفری بیگ،

کسی شب دیکھا ایک جیسا خواب ،

جو صبح کی روشنی میں دھندلا گیا تھا۔

ہر آغاز محض اک تسلسل ہے

کڑی سے کڑی جڑی رہتی ہے ،

داستانِ حیات کی کتاب

ہمیشہ ادھ کھلی ہی رہتی ہے۔

(انگریزی سے اردو ترجمہ)

عالمی ادب کے اردو تراجم