سہ ماہی کسوٹی جدید کا بارھواں ماہانہ ادبی اجلاس

کسوٹی جدید کے زیر اہتمام ماہانہ ادبی اجلاسوں کے سلسلہ کا بارھواں اجلاس گزشتہ اتوار کو منعقد ہوا ۔ اس میں دہلی سے تشریف لائے اردو دوہا نگار شاعر انس خاں اور ادبی ، ثقافتی تقاریب اور اردو صحافت کے حوالے سے معروف شخصیت طارق فیضی نے مہمانان خاص کی حیثیت سے شرکت کی۔

مسکان سید ریاض کے خیر مقدمی کلمات کے بعد افضل خان نے اپنے تین علامتی افسانے زہر کی جڑیں، خون کا بدلہ خون اور لنچ پیش کئے۔

اس کے بعداشتیاق احمد مرزا نے ‘ لہور لہور اے’ کے عنوان کے تحت شہر زندہ دلاں ،لاہور کی تاریخ،تہذیب، روایات پر ایک خاکہ پیش کیا۔

بعد ازاں مسکان سید ریاض نے ‘ کلاسیکی ادب کے خد و خال ‘ کے موضوع پر تقریر کی اور تقریر کے بعد شرکائے اجلاس کے سوالات کے جواب دئیے۔

فرید انور صدیقی نے اپنی غزل تنقید کے لئے پیش کی۔فرید انور صدیقی ایک کہنہ مشق شاعر ہیں ان کا کلام فنی اسقام سے پاک رہتا ہے۔ زبان و بیان پر گرفت رکھتے ہیں۔ مطلع اور مقطع کو بہت سراہا گیا

ظہیر حسنین اور مسکان سید ریاض نے ایک ایک غزل پڑھی پھر مہمان خصوصی انس خان سے کئ ایک دوہے سنے گئے۔ انس خان کے دوہوں کے پہلے مجموعہ کی رسم اجراء حال ہی میں ہوٹل پرل ایکزیکٹیو دبئ میں ہوئ تھی۔ انس خاں چونکہ سائنس اور انجینئرنگ کا پس منظر رکھتے ہیں، اس لئے ان کے دوہوں میں ما بعد الطبیعی مضامین کے علاوہ سائنسی استعارات اور موضوعات بھی ملتے ہیں۔

ثروت زہرا زیدی، سعدیہ طارق،منہاج خان، اعجازشاہین، عماد الملک،اشتتیاق احمد مرزا، فائزہ اشتیاق احمد، خالد عرفان، مسکان سید ریاض، نیر سروش، اختر علی، افضل خاں، انس خاں، طارق فیضی، ظہیر حسنین ، خالد عرفان ,سید محمد ارشد شریک اجلاس تھے۔

افضل خاں مدیر کسوٹی جدید کے شکریہ پر اجلاس تمام ہوا۔

(رپورتاژ؛ افضل خاں،مدیر کسوٹی جدید)