“سفینۂ غزل 2023”
“سفینۂ غزل 2023”
زیر اہتمام کسوٹی جدید
دبئ میں سمندری نہروں کا جال بچھا ہوا ہے ۔ کچھ قدرتی اور کچھ انسانی ہاتھوں کا کارنامہ ۔ شام کا اندھیرا پھیلتے ہی پرسکون پانیوں پر رواں کشتیوں سے چراغاں کی کیفیت ہوجاتی ہے۔ آپ نے شہر زاد اور الف لیلہ کی داستانوں میں دریائے دجلہ میں چلنے والے بجرے اور ان پر ہونے والے رقص و سرود کا ذکر تو پڑھا ہوگا۔” وہی نقشہ ہے ولے اس قدر آباد نہیں”۔ مگر آج کا دبئ الف لیلوی دور کے بغداد سے کم آباد اورکم بارونق نہیں ہے ۔
سال نو کے استقبال کے لئے کسوٹی جدید نے ایک تقریب سفینۂ غزل کے عنوان سے بجرے میں رکھی تھی جس کو مقامی زبان میں داو کہتے ہیں ۔ ہندوستان سے قادر الکلام استاد عفیف سراج اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے۔ لبنانی نژاد اردو شاعرہ فائزہ فضا مہمان اعزازی تھیں۔ صدارت فرید انور صدیقی نے کی۔
دبئ کی معروف ادبی و ثقافتی شخصیت اور معروف اینکر پرسن ترنم احمد نے مہمانوں کا تعارف کروایا اور حاضرین کا استقبال کیا۔
افضل خان مدیرکسوٹی جدید نے عماد الملک، اور طارق فیضی کو ان کی ادبی و ثقافتی خدمات کے اعتراف میں سپاس نامہ پیش کیا ۔جسے حاضرین کے سامنے مسکان سید ریاض اور صائمہ نقوی نے پڑھ کر سنایا۔
تقریب میں یوں تو شعرا کی خاصی تعداد موجود تھی مگر بہت سے شعرا نے از راہ ایثار خود نہ پڑھ کر مہمانان خصوصی کو زیادہ سے زیادہ سننے کی پیشکش کی ۔
شعراے کرام میں ندیم احمد شہزاد، رضا احمد رضا، سلمان احمد، کنول ملک، میگی اسنانی، قاسم شاذ، موسیٰ ملیح آبادی ،نصر نعیم، مسعود نقوی،مسکان سید ریاض، ظہیر حسنین،محمد طہ، سرور ملیح آبادی محفل میں موجود تھے۔
سامعین میں دبئ کی چیدہ ادبی اور ثقافتی شخصیات شامل تھیں۔ یہ تقریب جس کی نظامت سید اعجاز شاہین نے کی رات دیر گئے تک جاری رہی۔
ادارہ کسوٹی جدید نیر سروش کا خاص طور پر شکر گزار ہے کہ سفینہ غزل کے انتظامات کے سلسلے میں انھوں نے انتھک محنت کی۔
روداد : افضل خاں ،مدیر کسوٹی جدید۔



